ڈیفالٹ کےخدشات ختم ہو گئے، مارکیٹ میں مثبت سگنل بھیجے جائیں: مفتاح اسماعیل

لاہور: (آئی این این) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کے خدشات ختم ہو چکے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ مارکیٹ میں مثبت سگنل بھیجے جائیں۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی روپے پر دباؤ ایک دو ہفتوں میں ختم ہو جائے گا، ملک میں ڈالر کی آمد جلد ہی آؤٹ فلو سے زیادہ ہو گی ، دراصل اس وقت اس بات کی ضرورت ہے کہ جو میں جانتا ہوں وہ سب سمجھ سکیں۔ میں جانتا ہوں ہم ڈیفالٹ نہیں کریں گے، گورنر سٹیٹ بینک اور وزیراعظم بھی جانتے ہیں ہم ڈیفالٹ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صرف اس وجہ سے نہیں کہ ہمیں اندر کی باتیں پتہ ہیں بلکہ ایسا اس لیے ہے کہ تمام اعشاریے مثبت ہیں، مجھے صرف مارکیٹ میں مثبت پیغام بھیجنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ کے دعوے ایک طرف مگر دوسری جانب پاکستانی روپے کی بدترین گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، امریکی ڈالر آج مزید مہنگا ہو کر انٹر بینک میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، آج ٹریڈنگ کے دوران ڈالر ریٹ میں 3 روپے 57 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی کی نئی قیمت 236 روپے 50 پیسے پر جا پہنچی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت آنے کے بعد انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 54 روپے مہنگا ہو چکا ہے جس کے باعث ملکی قرضوں کے بوجھ میں 6500 ارب روپے اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں