لاہور: بزرگ سیاستدان اور ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے مشیروں اور ترجمانوں کے غلط مشورے پر محتاط رہیں۔
انفو نیوز نیٹ ورک کے مطابق سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جب مشیر ایڈوائس دیتے ہیں تو اس میں کوئی نہ کوئی اینگل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی سوچ کے مطابق چیزوں کو اچھالتے ہیں جب کہ نقصان عمران خان کو ہوتا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم یہ دیکھیں کہ ان کے مشیر کس کی گیم کھیل رہے ہیں؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کا یہ بیان کہ مجھے اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا، کسی دشمن نما دوست نے دیا ہوگا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان نے کہا مجھے ہٹایا گیا تو پہلے سے زیادہ خطرناک بن جاؤں گا۔ انہوں نے استفسار کیاکہ اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا تو وہاں بیٹھے مراعات یافتہ ارکان کیا گونگے اور بہرے ہیں؟
ق لیگ کے سربراہ نے یہ معلوم کیا کہ کیا مراعات یافتہ طبقے دوسروں کو عمران خان کے خلاف بولنے دیتے ہیں؟
ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے کہا کہ ہم درستگی کے لیے کہیں تو وہ ان پڑھ مشیر کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ کوئی نرم رویہ نہ رکھیں۔