کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی لوٹ مار کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان میں کرپشن میں ہوشربا اضافے کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن ختم کرنے کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئے لیکن کرپشن ختم نہیں ہوئی لہذا اب وہ گھر جائیں۔ وزیر اعظم کے مشیر احتساب کی چھٹی کے اگلے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کرپشن کے خلاف بیانیے کی بھی چھٹی ہو گئی۔
ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ پاکستان کی کرپشن رینکنگ میں 16 درجے کا اضافہ پی ٹی آئی کے کرپشن کے خلاف نام نہاد بیانیے پر ایک زور دار طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کی فہرست میں صرف ایک سال میں 124ویں نمبر سے 140ویں نمبر پر آنے کا کریڈٹ عمران خان اور ان کی کرپٹ کابینہ کو جاتا ہے۔ عمران خان اور ان کے سرمایہ دار دوستوں نے ملک میں کرپشن کی انتہا کردی اور پی ٹی آئی کی لوٹ مار کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھی۔