پاک چین دوستی خراب کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی خراب کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے پاکستان میں تعینات چینی ناظم الامور نے ملاقات کی اور پاکستان چین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ چینی ناظم الامور نے رانا ثنا اللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور ملاقات میں چینی شہریوں کے لیے ویزا میں سہولیات دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دیرینہ اور لازوال ہیں جبکہ وزیر اعظم چین کو پاکستان کا بہترین اور قابل بھروسہ دوست تصور کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاک چین تعلقات کو نئی بلند ترین سطح پر لے جائے گی اور پاک چین دوستی خراب کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ریاست مکمل وسائل استعمال کر رہی ہے جبکہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کے لیے فُول پروف سیکیورٹی فراہم کی ہے۔

چینی ناظم الامور نے کہا کہ چینی شہریوں کی غیر معمولی دیکھ بھال کرنے پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں اور کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے کے اصل مجرمان تک پہنچنے کے خواہشمند ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں چینی معاونت کا عمل جاری رہے گا جبکہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور بہترین تعلقات کی علامت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں