پاکستان واپڈا نے نیشنل وویمنز باسکٹ بال چیمپئن شپ جیت لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ نیشنل وویمنز باسکٹ بال چیمپئن شپ کے فیصلہ کن معرکہ میں پاکستان واپڈا نے آرمی کو 29 کے مقابلے میں 49 پوائنٹس سے شکست دیکر ایونٹ کا دوبارہ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی نگرانی میں کھیلی جانےوالی پانچ روزہ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر براے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری تھے جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ر آصف زمان، پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ر افتخار منصور، سیکرٹری خالد بشیر، فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز بٹ ، سیکرٹری اوج ظہور سمیت بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کی ۔

واپڈا کی ٹیم نے فائنل میچ میں شاندار کھیل پیش کیا اور سحرش نواز کے 14 اور سدرہ حاکم کے 12پوائنٹس سکور کرنے کی بدولت 29-49پوائنٹس سے فائنل جیتا۔

چیمپئن شپ کی تیسری پوزیشن کے میچ میں اسلام آباد بلیوز نے کراچی کو اپنے جارحانہ کھیل کی بدولت آسان مقابلے کے بعد 8-31پوائنٹس سے شکست دی، میچ میں ثمنہ محبوب نے 11اور امینہ نے 8 پوائنٹس سکور کئے۔

پانچ روزہ چیمپئن شپ کے شاندار انعقاد پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے باسکٹ باسکٹ بال فیڈریشن کی کوششوں کو سراہا ۔امید ہے کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، وفاقی وزیر احسان مزاری پی او اے اور حکومت کا ایجنڈا ایک ہی ہے، فٹبال فیڈریشن کے الیکشن نہ ہونے پر تشویش ہے، خواتین کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،

وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خواتین کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور حکومت کا ایجنڈا ایک ہی ہے، فٹبال فیڈریشن کے جلد الیکشن کروانے کیلئے نارملائزیشن کمیٹی سے بات کی ہے جبکہ امید ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

احسان مزاری نے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کو خواتین کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوے پاکستان سپورٹس بورڈ کو باسکٹ فیڈریشن کا پی ایس بی کیساتھ الحاق کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری خواتین بھی کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام روشن کرے ، حکومت باصلاحیت خواتین کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی ۔

انہوں نے کہا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ر عارف حسن نے ملاقات کی اور کھیلوں کی بہتری سے متعلق تجاویز دی ہیں، پی او اے اور حکومت کا کھیلوں سے متعلق ایجنڈا ایک ہی ہے اور وہ کھیلوں کا فروغ ہے ، سیف گیمز کے انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لینگے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ فٹبال فیڈریشن کی نارملائزئشن کمیٹی کی جانب سے الیکشن نہ کروانے پر تشویش ہے، فٹبال کے الیکشن جلد کروانے کیلئے نارملائزئشن کمیٹی سے بات کی ہے ۔احسان مزاری نے کہا کہ انگلینڈ کےخلاف کرکٹ سیریز ہارنے پر دکھ ہوا، امید ہے قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں