اسلام آباد۔29نومبر : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی مسلسل اور دوٹوک حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک انہیں حق خودارادیت کے استعمال کا موقع نہیں دیا جاتا اور پاکستان ان کے ساتھ جدوجہد میں کھڑا رہے گا۔
منگل کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخی طور پر فلسطینیوں کی جائز جدوجہد کی حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا، پاکستان بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ شرائط اور امن معاہدے کیلئے مذاکرات پر فلسطینی رضامندی کی حمایت کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج عالمی برادری کے ساتھ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منا رہے ہیں، ساڑھے سات دہائیوں میں اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ منظم اور بڑھتی ہوئی زیادتیاں روا رکھیں، بے گناہوں کا خون بہایا گیا اور فلسطینیوں کا خون بہنے کا سلسلہ ابھی تک نہیں رکا۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسلسل اسرائیلی تشدد کا تازہ ترین واقعہ اس سال اگست میں دیکھا گیا جب غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 17 بچوں سمیت تقریباً 50 فلسطینی جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف نہ تھمنے والا اسرائیلی تشدد، اسرائیل کا فلسطین پر ناجائز قبضہ اس تنازعہ کی ناقابل تردید حقیقتیں ہیں، اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو ضم کرنا، الحاق اور قبضہ انسانی و بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں فلسطینیوں کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہوں، طاقت کے زور پر علاقے پر قابض ہوا جاسکتا ہے مگر عوام کے دل و دماغ پر قبضہ نہیں کیا جاسکتا، فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہد حق خودارادیت کے حصول تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ شرائط اور1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر بین الاقوامی نگرانی میں فریقین کے درمیان ایک مقررہ ٹائم فریم میں تنازعہ کا تصفیہ چاہتا ہے اور یہ کہ وہ مشرقی بیت المقدس کی فلسطینی ریاست کے دارالحکومت کے طور پر مکمل حمایت کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے تاریخی طور پر فلسطینیوں کی جائز جدوجہد کی حمایت کی ہے اور وہ آئندہ بھی اس کی حمایت کرتا رہے گا۔