آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
انڈیا نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 150 رنز کا 19 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
انڈیا کی جانب سے جمائما روڈریگز نے شاندار نصف سینچری سکور کی اور 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ رچا گوش نے جمائما کا پورا ساتھ دیا اور 20 گیندوں پر 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو نے دو جب کہ سعدیہ اقبال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انڈیا کی جانب اوپنرز شیفالی ورما اور یاستیکا بھاٹیا نے اچھا آغاز فراہم کیا تاہم چھٹے اوور کی تیسری گیند پر یاستیکا بھاٹیا شاٹ کھیلتے ہوئے فاطمہ ثنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئیں۔
انڈیا کو دوسرا نقصان شیفالی ورما کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 33 رنز بنا کر سدرہ امین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئی۔
انڈیا کی تیسری وکٹ 93 رنز پر گر گئی جب ہرمن پریت کور 12 رنز بنا کر 16 رنز بنا کر بسمہ معروف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئیں۔
قبل ازیں پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بسمہ معروف نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 68 رنز بنائے۔ عائشہ نسیم نے کپتان بسمہ کا ساتھ نبھایا اور تیز کھیلتے ہوئے 25 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہی۔
کپتان بسمہ معروف نے 68، عائشہ نسیم نے 43 اور منیبہ علی نے 12 رنز بنائے۔
انڈیا کی بولر رادھا یادو نے دو جبکہ دیپتی شرما اور پوجا واستراکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں گری جب اوپننر جویریہ خان دیپتی شرما کی گیند پر فائن لیگ پر شاٹ کھیلتے ہوئے انڈین کپتان ہرمنپریت کور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئیں۔
پہلی وکٹ کے گرنے کے بعد گرین شرٹس کی جانب سے پُراعتماد بیٹںگ دیکھنے میں آئی تاہم منیبہ علی تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں 12 کے سکور پر رادھا یادو کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوگئیں۔
پاکستان کو تیسرا جھٹکا اہم کھلاڑی ندا ڈار کی صورت میں لگا جب وہ دو گیندیں کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے پوجا واستراکر کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئیں۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ سدرہ امین کی گری جو کہ 11 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئیں۔
میچ سے پہلے انڈین ٹیم کی سٹار بیٹر سمریتی مندھنا انجری کے باعث روایتی حریف کے خلاف میچ سے باہر ہوگئی تھیں۔
ٹاس جیتنے کے بعد پاکستانی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ ’وکٹ تھوڑی خشک نظر آ رہی ہے جس کے بعد ہم نے ہدف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
انڈین کپتان ہرمنپریت کور نے کہا کہ ’وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتیں۔‘
Load/Hide Comments