وزیراعظم عمران خان وفاقی وزرا اور دیگر عہدیداروں پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ روس کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم اپنے تاریخی دو روزہ دورہ روس کے لیے ماسکو روانہ ہوگئے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر توانائی حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی دورہ روس کے لیے روانہ ہوئے۔
وزیرِ اعظم عمران خان اپنے تاریخی دو روزہ دورہء روس کیلئے ماسکو روانہ #PMIKinRussia pic.twitter.com/Dr9j4j2eAO
— Prime Minister's Office, Pakistan (@PakPMO) February 23, 2022
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی جانب سے دو روز قبل جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘روسی صدر ولادیمیرپیوٹن کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 23 اور 24 فروری 2022 کو سرکاری دورہ کریں گے’۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘پاکستان اور روس کے دوستانہ تعلقات ہیں، جو باہمی احترام، اعتماد، بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر خیالات کی ہم آہنگی سے عبارت ہیں’۔
بیان میں بتایا گیا تھا کہ ‘سربراہی ملاقات کے دوران دونوں رہنما توانائی میں تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کا مکمل جائزہ لیں گے’۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا ‘دونوں رہنما اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے، جس میں اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورت حال بھی شامل ہوگی’۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘وزیراعظم کے دورے سے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں بہتری آئے گی’۔