جدہ۔7اپریل : فلسطین نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملے کے رد عمل میں کہا ہے کہ اسرائیل کی صرف مذمت کرنا کافی نہیں بلکہ اس پر پابندیاں عائد کی جائیں۔دوسری جانب مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملوں پر بات چیت کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا وفود کی سطح پر ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اور کھلا اجلاس ہفتہ( 8 اپریل )کو ہو گا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی بہت سے ممالک کی جانب سے سلامتی کونسل میں اسرائیل کی مذمت کرنا کافی نہیں ہو گا۔ وزارتِ خارجہ نے ٹویٹ میں کہا کہ اس مرتبہ ایک دہشت گرد، سرکش قابض اور ظالم ریاست کے طور پر اسرائیل پر پابندیاں عائد کی جانی چاہئیں۔فلسطینی وزارت خارجہ کے اس مطالبے کے ساتھ ساتھ اسلامی تعاون تنظیم نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملوں پر بات چیت کے لیے ہفتہ 8 اپریل کو وفود کی سطح پر ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اور کھلا اجلاس بلانے کا اعلان کر دیاہے۔
یہ ہنگامی اجلاس ریاست فلسطین اور اردن کی طرف سے طلب کیا گیاہے۔ او آئی سی نے کہا ہے توقع ہے کہ تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ اجلاس سے خطاب کریں گے اور مسجد اقصیٰ اور فلسطینیوں کے حوالے سے ہونے والی خطرناک پیش رفت پر روشنی ڈالیں گے۔