اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان کو آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کا بے صبری سے انتظار ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں جذباتی انداز میں کہا کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر بے حد خوشی ہے۔ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24 برس بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور ان کی پاکستان آمد کا احساس ابھی سے ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینگروز ٹیم کو پاکستان کی پوری قوم خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے اور آسٹریلین ٹیم ان دنوں بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بھی بہترین فارم میں ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کا مضبوط تعلق سیریز کو چار چاند لگا دے گا۔
محمد رضوان نے دورہ پاکستان سے متعلق آسٹریلوی کھلاڑیوں، سابق کرکٹرز، فینز اور براڈ کاسٹرز کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب تک جتنی گفت وشنید ہوئی اس سے یہ ثابت ہو رہا ہے کہ کینگروز ٹیم اپنے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرے گی۔
.@iMRizwanPak is super excited for the Australian tour to Pakistan. Let's hear his thoughts on the historic series that will be played in March-April 2022. pic.twitter.com/I2nLvhX8g6
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 20, 2022
گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں سے متعلق محمد رضوان نے کہا کہ گراؤنڈ میں موجود تماشائی جب ہمارا حوصلہ بڑھاتے ہیں تو ٹیم کو ایک نیا جوش ملتا ہے، آسٹریلیا سے سیریز میں بھی تماشائیوں کی جانب سے حوصلہ افزائی ہمارے لیے بہترین ثابت ہو گی۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے مارچ، اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔