اسلام آباد: سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیان کو سمجھنے میں وقت لگے گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو کس نے دیوالیہ کیا ؟ یہ سب کو معلوم ہے اور وہ آج جمہوریت کا درس ہمیں دے رہے ہیں۔ اسمبلی میں اپوزیشن نہیں اور جمہوریت کی بات کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیان کو سمجھنے کے لیے وقت لگے گا اور عمران خان نے کہا کہ ملک مضبوط نہیں ہو گا تو مسائل پیدا ہوں گے۔ ایٹم بم جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اہم ہوتے ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے دشمن یہی چاہتے ہیں کہ ملک معاشی طور پر کمزور کر دیا جائے، پولیس گردی اور وحشیانہ پن کے ذریعے لوگوں کی عوام کو نہیں دبایا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے عوام عمران خان کے پیچھے کھڑے ہو گئے ہیں۔
شبلی فراز کے اظہار خیال کے دوران سینیٹر رانا مقبول نے نشست پر کھڑے ہو کر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آپ غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ میں نے کسی کا نام نہیں لیا اور یوسف رضا گلانی بتائیں کہ ایسا ہوا تھا یا نہیں ؟ یہ وہی لوگ ہیں جو منافقت کرتے ہیں اور یہ آج اقتدار کی خاطر اکٹھے ہو گئے ہیں۔