آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس اور سپریم کورٹ بار کی درخواست پر سماعت آج ہوگی.
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ دن ایک بجے سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم اور جسٹس منیب اختر بنچ کا حصہ ہوں گے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل بھی پانچ رکنی لارجر بنچ میں شامل ہوں گے۔
صدارتی ریفرنس پر عدالت نے وفاقی حکومت سمیت اپوزیشن جماعتوں کو نوٹس جاری کر رکھا ہے، گزشتہ سماعت پر سپریم کورٹ نے فریقین کے وکلا کو تحریری معروضات جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے واضح کیا تھا کہ صدارتی ریفرنس کیوجہ سے پارلیمنٹ کی کاروائی تاخیر کا شکار نہیں ہوگی، چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے تھے کہ کسی بھی رکن اسمبلی کو ووٹ دینے سے نہیں روکا جاسکتا۔
عدالت نے قرار دیا کہ صدارتی ریفرنس پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے جلد فیصلہ کیا جائے گا، جسٹس قاضی فائز عیسی لارجر بنچ میں سینئر ججز کو شامل نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔