سیاسی تناؤ میں کمی کی امید کے ساتھ اسٹاک مارکیٹ میں 500 پوائنٹس کی تیزی

ملک میں جاری سیاسی تناؤ میں کمی کی امیدوں کے ساتھ ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو کاروبار میں تیزی دیکھی گئی جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق سہ پہر 3:30 بجے کے فوری بعد 527.02 پوائنٹس 1.25 فیصد اضافہ ہوا اور دن کا اختتام 529.05 پوائنٹس یا 1.26 فیصد اضافے کے بعد 42 ہزار541.71 پوائنٹس پر ہوا۔

فرسٹ نیشنل ایکویٹیز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو علی ملک کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے سیاسی معاملات کے حل کی امید پر اسٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘امید ہے کہ حکومت اور اپوزیشن قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے معاہدہ کریں گے، جس سے ملک میں جاری سیاسی غیریقینی کی صورت حال ختم ہوگی’۔

انٹرمارکیٹ سیکیوریٹیز کے ریسرچ ہیڈ رضا جعفری کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں سڑکوں سے کشیدگی کے خاتمے سے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے مواقع پید ہونے پر بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں لیکن ساتواں جائزہ تاحال جاری ہے اور اگر پاکستان ضروری شرائط پوری کرتا ہے تو قرض پروگرام کی بحالی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں وہی خطرات ہیں جس ماضی قریب میں مارکیٹ دوچار ہوئی تھی اور بہتری کی امید کی جاسکتی ہے۔

عارف حبیب کارپوریشن کے احسان محنتی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مظاہرین کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنہ ختم کرنے کے اعلان، اگلے مالی سال کے اہداف کے تقرر اور ایندھن کی سبسڈیز میں کمی کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مذکرات کے دور کے بعد اسٹاک مارکیٹ بہتری پر بند ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں