محکمہ موسمیات کی سانحہ مری سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مری کی خراب صورتحال سے متعلق وزیراعظم آفس سمیت متعلقہ اداروں کو 2 روزقبل ہی الرٹ کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مری میں شدید برفباری اورسڑکوں کی بندش سے متعلق وزیراعظم آفس اوراین ڈی ایم اے کو پیشگی قبل اطلاع دی گئی۔ 5 جنوری کو ایڈوائزری جاری کی، واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ شدید برفباری کے باعث سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بروقت اطلاع دیکر بتایا گیا تھا کہ مری، نتھیا گلی، کاغان، گلیات سمیت مختلف علاقوں میں شدید برفباری ہوگی، موسم سے متعلق ایوی ایشن ڈویز، پی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے، وزارت موسمیاتی تبدیلی کو آگاہ کیا گیا تھا۔
وزارت آبی وسائل، وزارت فوڈ سکیورٹی، ارسا، چیئرمین ایف ایف سی اور محکمہ موسمیات کے ریجنل دفاتر کو بھی اطلاع دی گئی، مری میں 7 اور 8 جنوری کے درمیان 16.5 انچز برفباری ریکارڈ کی گئی۔