روس کے ساتھ تنازع کے بارے میں مغرب افراتفری نہ پھیلائے، یوکرینی صدر

کیف: یوکرین کے صدر ولاد میر زیلینسکی نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ تنازع کے بارے میں مغرب افراتفری نہ پھیلائے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کے صدر ولاد میر زیلینسکی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حملے کی خبروں نے یوکرین کی معیشت کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور کچھ ممالک کے معزز رہنما یہ کہہ رہے ہیں کہ کل جنگ ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ افراتفری اور گھبراہٹ پھیلانے والے بیانات ہمارے ملک کو مہنگے پڑیں گی اور ملک میں عدم استحکام یوکرین کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

ولاد میر زیلینسکی نے سفارتکاروں کو واپس بلانے کے اعلان پر کہا کہ کچھ ممالک نے اپنے سفارتکاروں کو واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ سفارت کار کپتان کی طرح ہوتے ہیں جنہیں ڈوبتے ہوئے جہاز سے سب سے آخر میں نکلنا چاہیئے۔ یوکرین ٹائی ٹینک نہیں ہے اس لیے سفارتکاروں کو واپس بلانا غیرضروری اقدام ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل امریکہ نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں اپنے سفارتخانے سے غیرضروری سفارتی عملے اور ان کے اہلخانہ کو وطن واپس آنے کا حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں