بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ کی دسمبر 2021 میں ریلیز ہونے والی اسپورٹس ڈراما فلم ’83‘ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے کردار کو ان کی طرح ’خوبصورت‘ نہ دکھائے جانے پر پاکستانی شائقین نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی فلم کو اس وقت کافی پسند کیا گیا تھا، جسے سینماؤں سمیت اسٹریمنگ ویب سائٹس پر بھی ریلیز کیا گیا تھا۔
فلم کے حوالے سے رنویر سنگھ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ’ان کی فلم میں ایک خاص سین ہے، جسے دیکھ پر پاکستانی شائقین بہت خوش ہوں گے‘
اس وقت انہوں نے مذکورہ سین کی تفصیل نہیں بتائی تھی، تاہم کہا تھا کہ پاکستانی شائقین وہ سین دیکھ کر محظوظ ہوں گے۔
لیکن اب ’83‘ کے سین کو دیکھ کر کئی شائقین نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے کردار کو اتنا ’ہنڈسم اور خوبصورت‘ نہیں دکھایا گیا، جتنا اس وقت عمران خان ہوتے تھے۔
سب سے پہلے صحافی مہر تارڑ نے ’83‘ کی وہ کلپ شیئر کی، جس میں کپیل دیو کو عمران خان کے کردار سے ملتے دکھایا گیا ہے۔
مذکورہ کردار میں کپیل دیو مسکراکر عمران خان سے پوچھتے ہیں کہ ان کی ورلڈ کپ سے متعلق کیسی تیاری چل رہی ہے؟
سین میں عمران خان کا کردار نئے اداکار ادا کیا ہے، جن کے بال گھگھریالے بنائے گئے ہیں، تاہم چہرے سے وہ نوجوان عمران خان سے کہیں کمزور دکھائی دیتے ہیں، علاوہ ازیں وہ ٹھیک طرح سے اردو بھی بول نہیں پاتے۔
عمران خان کے کردار کو اس وقت کے پاکستانی ٹیم کے کپتان کی طرح خوبصورت اور ہینڈسم نہ دکھائے جانے پر لوگوں نے اعتراض کیا اور کہا کہ یہ عمران خان کے ساتھ دھوکا ہے۔
مداحوں کے مطابق اس میں کوئی شک نہیں کہ کپیل دیو بھی اچھے لگتے تھے لیکن عمران خان اس زمانے میں بھارتی کرکٹر سے ہزار گنا بہتر دکھائی دیتے تھے مگر ان کے کردار کے لیے برے اداکار کا انتخاب کیا گیا۔
شائقین نے فلم میں عمران خان کے کردار کے ساتھ فلم ساز کے انتخاب کو ناانصافی بھی قرار دیا اور کہا کہ واضح طور پر عمران خان جیسا ہینڈسم اور خوبصورت اداکار تلاش نہیں کیا گیا۔