راولپنڈی: (آئی این این) چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو میں تقریب ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ایئرچیف اور پاک بحریہ کے سربراہ نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے سفیر نونگ رونگ، سفارتخانہ کے حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات گہرے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات یونین اور ہمہ جہتی ہیں جو چیلنجز کے دوران اہم ثابت ہوئے ہیں، پی ایل اے اور پاک آرمی “برادرز ان آرمز” ثابت ہوئے ہیں، ہمارے تعلقات باہمی مفادات کے تحفظ کے لئے کام کرتے رہیں گے۔
جی ایچ کیو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان آہنی بھائی، ہر موسم کے دوست اور سٹریٹجک پارٹنر ہیں، پاکستان آرمی کی طرف سے پی ایل اے سالگرہ کی تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کی جوائنٹ کمیٹی برائے کوآپریشن کا اجلاس حال ہی میں منعقد ہوا، چین فوجی تعاون کے فروغ کے لئے نیا سیٹ اپ بنایا گیا ہے، پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی کا حالیہ اجلاس باہمی تعلقات میں نئی پیشرفت ہے، یہ نظام فوجی رابطوں میں فروغ کے لئے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔