اسلام آباد: (آئی این این) وزیراعظم شہباز شریف نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی میں لوڈشیڈنگ مزید بڑھے گی۔پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔
مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے، شمسی توانائی کے حوالے سے پروگرام جلد لیکر آئیں گے، تاریخ میں پہلی بار صاحب ثروت افراد پر ٹیکس لگایا ہے، صاحب ثروت افراد سے 200 ارب روپے سے زائد جمع ہونے کی توقع ہے، صاحب ثروت افراد قربانی کے جذبے کے ساتھ آگے آئیں۔ عوام کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ پاکستان کو رفاعی ریاست دیکھنا چاہتے تھے، تبدیلی اور نئے پاکستان والوں نے ایسے کوئی اقدامات نہیں کیے، مختلف شعبوں کے مالکان کی آمد ن پر ڈائریکٹ ٹیکس لگایا ہے۔ گزشتہ حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ پن کے دہانے پر پہنچا دیا تھا، آج پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ چکا ہے، اتحادی قیادت کی مشاورت سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، آئی ایم ایف سے معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ انڈونیشیا کے صدر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، خوردنی تیل کا بحران آنے والا تھا اس سےبھی پاکستان بچ گیا، پچھلی حکومت کو 3ڈالر میں گیس مل رہی تھی لیکن خریدی نہیں، دنیا میں کوئلہ بہت مہنگا ہوچکا ہے، کوئلے کی امپورٹ پر اربوں ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، پچھلے تین ہفتوں میں بھرپورپلاننگ کررہے تھے، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں افغانستان سے کوئلہ لانے کے لیے کمیٹی بنائی تھی، خواجہ آصف نے اس حوالے سے بھرپورمحنت کی، افغانستان سے جنوبی افریقا والی کوالٹی کا کوئلہ ملے گا، جب آئی ایم ایف سے کشتی کر رہے تھے اسی وقت کوئلے کے حوالے سے بھی کشتی کر رہے تھے، آہستہ آہستہ افغانستان سے کوئلہ آئے اورسالانہ 2ارب ڈالرکی بچت ہوگی۔ افغانستان کے کوئلے سے سستی بجلی پیدا ہوگی۔ تین ہفتے سے کوشش کررہے تھے اللہ نے افغانستان سے کوئلہ لانے کا راستہ دکھا دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں تیل و گیس کی قیمتیں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، روس، یوکرین جنگ کی وجہ سے گیس اس وقت نایاب ہے، مشکلات بہت زیادہ ہے، ہم ان مشکلات سے ضرور نکل جائیں گے، گزشتہ حکومت کو تین ڈالر کی گیس مل رہی تھی نہیں خریدی۔ گزشتہ حکومت کی کم عقلی تھی سستی گیس کا فائدہ نہ اٹھایا۔
ان کاکہنا تھا کہ کپاس، گندم کی پیداواربڑھانے کے لیے بھرپور توجہ دے رہے ہیں، وقت لگے گا مسائل کو حل کرکے خوشحالی کی طرف قدم بڑھائیں گے، کوئی کسرنہیں چھوڑی جا رہی، کوئی شک نہیں ان مشکلات کو حل کریں گے۔ چیلنجزآئیں گے لیکن قوت ارادی کے ساتھ آگے بڑھتے جائیں گے، دوست ممالک سے ٹریڈ بڑھائیں گے اورکشکول کا زمانہ ختم ہوجائے گا، پاکستان کواللہ نے کشکول اٹھانے کے لیے نہیں بنایا نئی رت آئے گی، لکھ لے پاکستان کی تقدیربدلے گی، ہماری اتحادی حکومت ضرورتبدیلی لیکرآئے گی۔