راولپنڈی: جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی، جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کے حوالے سے پروقار تقریب منعقد ہوئی، دوران تقریب سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو روایتی چھڑی سونپی۔
تقریب میں جی ایچ کیو بینڈ نے ملی نغموں کی مدھر دھنیں بکھیرتے ہوئے شاندار پرفارمنس دی اور قومی پرچم کو سلامی دی گئی، جی ایچ کیو بینڈ کو جاپان، ترکی اور چین میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی جنرل قمر جاوید باجوہ کی جنرل عاصم منیر کے ہمراہ پنڈال آمد پر گارڈز نے انہیں سلامی دی جس کے بعد تلاوت کلامِ پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
تلاوت کلام پاک کے بعد سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اعزازی گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ کو الوداع گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، سینئرحاضرسروس اورریٹائرڈ فوجی افسران، ان کی فیملیز کے علاوہ وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ااور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
قبل ازیں پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر راولپنڈی میں مخصوص علاقوں میں میٹرو بس اور موبائل فون سروس بھی بند کی گئی ہے جب کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے سولہویں سربراہ کے طور پر 6 سال تک خدمات انجام دیں، اس سے قبل راولپنڈی کور کی کمانڈ سمیت کئی اہم عہدوں پر تعینات رہے۔
Like this: