اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ بھارت جعلی معلومات پر دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری افغانستان کی مدد کرے جبکہ ہمارے ملک کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے۔ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود سی پیک منصوبے پر کام جاری ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران دو طرفہ تعلقات پر بات ہو گی۔ ٹی ٹی پی کے حوالے سے معید یوسف کا بیان غلط رپورٹ ہوا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت کو واہگہ کے ذریعے افغانستان میں گندم بھیجنے کی اجازت دی لیکن بھارت نے تاحال تاریخ کا بتایا نہ ہی ٹرکوں کی تفصیلات دیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جعلی معلومات پر دنیا بھر میں بے نقاب ہو چکا ہے۔ بھارت اظہار رائے پر پابندی لگا رہا ہے اور بھارت پاکستان کو منفی پروپیگنڈے کے ذریعے ٹارگٹ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پر حوثی باغیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔