مائیکروسوفٹ کے بانی اور ارب پتی سماجی رہنما بل گیٹس نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فونک رابطے میں یقین دلایا کہ ملک میں پولیو کے انسداد کی مہم کے لیے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے منگل کو ٹیلی فون پر بات کی، جس میں انہوں نے مرض کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ‘مثبت پیش رفت’ کو سراہا۔
بیان کے مطابق گفتگو میں پاکستان میں بی ایم جی ایف کے تعاون سے جاری صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پروگراموں بشمول پولیو کا خاتمہ اور پاکستان میں حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے فاؤنڈیشن کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بی ایم جی ایف کے ساتھ اپنے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے تمام جاری شعبوں میں فاؤنڈیشن کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کی جانب پیش رفت کو برقرار رکھا ہے اور اس سلسلے میں بی ایم جی ایف کی جانب سے فراہم کی جانے والی انمول مدد کو سراہتا ہے۔
پاکستان میں 2021 میں پولیو کا صرف ایک کیس سامنے آنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے زور دیا کہ ان کی حکومت ملک سے پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے نے 15 ماہ بعد 2022 میں شمالی وزیرستان میں ایک بچے میں پولیو وائرس کے پہلے کیس جس کی تصدیق پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا صوبے کے لیے پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے معیار کو بڑھانے، بہتر بنانے اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی سکیورٹی بڑھانے کے لیے ایک خصوصی ایمرجنسی رسپانس پلان پہلے ہی زیرِ عمل ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق بل گیٹس نے مثبت پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا کہ پولیو وائرس کی وجہ سے کسی بچے کو فالج کا خطرہ نہ ہو۔
بیان میں بتایا گیا کہ افغانستان کو درپیش پولیو سے متعلق چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے افغانستان میں پولیو ویکسینیشن مہم کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس سلسلے میں افغانستان کو مناسب بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم آفس نے بتایا کہ وزیر اعظم اور بل گیٹس نے پاکستان میں کووڈ-19 کی ویکسینیشن مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے حکومت کے زیرانتظام چلنے والے مختلف پروگراموں کے لیے بی ایم جی ایف کی مدد پر تبادلہ خیال کیا، جس کا مقصد غذائیت اور صحت مند غذائی قلت سے نمٹنے، حفاظتی ٹیکوں کی ضروری خدمات، مائیکرو پیمنٹ گیٹ ویز کی مالی شمولیت اور قومی بچت کے پروگرام کو ڈیجیٹائز کرنا ہے۔
واضح رہے کہ بل گیٹس نے رواں برس 17 فروری کو پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا اور اس وقت کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔
بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں ایک تقریب میں بل گیٹس کو صحت اور غربت کے خاتمے کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان سے نوازا تھا۔