دوسری مرتبہ صدر پاکستان منتخب ہونے والے آصف زرداری کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے بلاول بھٹو اور بڑی صاحبزادی بختاور کو علم ہی نہیں تھا کہ ان کے والد جیل میں ہیں۔
جیل میں قید کے دنوں کا قصہ سناتے ہوئے نومنتخب صدر آصف زرداری نے بتایا کہ ‘بلاول اور بختاور اس وقت کافی چھوٹے تھے اور مجھ سے جیل میں ملاقات کے لیے آتے تھے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ظاہر ہے ہم انہیں نہیں بتاسکتے تھے کہ جیل کیا ہے کیونکہ وہ اس کے لیے کافی چھوٹے تھے، ہم ہمیشہ انہیں کہتے کہ بابا آفس میں ہیں کیونکہ جہاں ہماری ملاقات ہوتی تھی وہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کا آفس ہوتا تھا’۔
انہوں نے بتایا کہ ‘ایک دن بلاول نے میرا ہاتھ پکڑا اور کہا میرے ساتھ چلیں، مجھے نہیں یاد کہ وہ کتنے سال کا تھا، شاید تین برس کا تھا، تو اس وقت یہ کافی تکلیف دہ تھا کہ میں اس کے ساتھ نہیں جاسکتا تھا’۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف زرداری نے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو فرسٹ لیڈی بنانےکا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذ رائع کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول کا درجہ دیا جائےگا، صدر آصف زرداری باضابطہ طور پر آصفہ بھٹو کو خاتون اول ڈکلیئر کریں گے، آصفہ بھٹو کو خاتونِ اول کا پروٹوکول دیا جائےگا اور وہ پہلی خاتون اول ہوں گی جو صدر کی بیٹی ہیں۔