اسرائیل کا الشفا اسپتال پر گھیراؤ کا چوتھا روز، مزید 100سے زائد فلسطینی شہید

قابض اسرائیلی فورسز کی بمباری کے نتیجے میں غزہ میں ایک دن میں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد 7 اکتوبر سے جاری صیہونی بربریت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 31 ہزار 880 سے زائد ہو چکی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کا غزہ کے الشفا اسپتال کا گھیراؤ چوتھے روز میں داخل ہوگیا، اسی دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ میں ایک روز کے دوران 100 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔
اسرائیلی حکومت نے مشرقی بیت المقدس کے اسپتالوں سے 25 فلسطینی مریضوں کو غزہ منتقل کرنے کا حکم جاری کیا ہے، بتایا جارہا ہے کہ ڈاکٹروں کی اپیل پر اسرائیلی سپریم کورٹ نے مریضوں کو اسپتالوں سے نکالنے سے روک دیا ہے۔
مزید برآں اسرائیلی فوج نے ہیلتھ ورکرز اور صحافیوں سے توہین آمیز سلوک کیا ہے، اس حوالے سے امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق زیر حراست افراد کو برہنہ کرکے آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئیں اور انہیں زدو کوب بھی کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں