ابو ظہبی گرینڈ سلام جوڈو کے لئے قومی ٹیم کا اعلان

اسلام آباد: (آئی این این) پاکستان جوڈو فیڈریشن نے ابوظہبی گرینڈ سلام کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا، ایونٹ میں شرکت کے لئے پاکستانی ٹیم 19 اکتوبرکو متحدہ عرب امارات روانہ ہو گی۔

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اورمیڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے بتایا ہے کہ ابوظہبی گرینڈ سلام 19 سے 23 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھرکے نامور کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔

فیڈریشن نے ایونٹ کےلئے چار رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں دو کھلاڑی اور دو آفیشلز شامل ہیں، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں شاہ حسین شاہ اور قیصر خان جبکہ کوچ سجاد کاظمی اور منیجر نور احمد رند آفیشلز ہیں، شاہ حسین شاہ جاپان سے متحدہ عرب امارات پہنچیں گے جبکہ باقی ٹیم پاکستان سے روانہ ہوگی، ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کے مقابلے 22 اکتوبر کو ہونگے۔

مسعود احمد خان نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کے لئے کھلاڑیوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں بھرپور تیاری کی ہے، ابوظہبی گرینڈ سلام اولمپکس گیمز کے لئے کوالیفائی راؤنڈ ہے جس میں کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئے گی، ایونٹ میں شرکت کے لئے حکومت کو این او سی کے لئے درخواست دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اولمپکس گیمز 2024 میں پیرس میں ہوں گے اس سے قبل اولمپکس گیمز میں کوالیفائی کرنے کے لئے مختلف کوالیفائی راؤنڈ ہوتے ہیں اور یہ ایونٹ بھی انہی میں سے ایک ہے، اس ایونٹ میں ٹاپ رینکنگ کے کھلاڑیوں کوبھجوائیں گے تاکہ وہ اپنی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری لا کر اولمپکس گیمز کےلئے اپنی رینکنگ میں بہتری لاسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں