ہدایت کار عامر یوسف کے ثنا جاوید پر سنگین الزامات

متعدد میک اپ آرٹسٹس، اسٹائلسٹس،ماڈلز اور نئے اداکاروں کے بعد اب ثنا جاوید پر معروف ڈراما ہدایت کار عامر یوسف نے بھی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں دوسرے کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے والی اداکارہ قرار دے دیا۔

ثنا جاوید کے خلاف ابتدائی طور پر منال سلیم، ماڈل فریحہ شیخ اور میک اپ آرٹسٹس اکرام گوہر اور ریان تھومس نے نامناسب رویے کے الزامات لگاتے ہوئے انہیں بد اخلاق اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیا تھا۔

بعد ازاں میک اپ آرٹسٹ واجد خان، ماڈل ماہ نور شیخ، اداکارہ رابعہ کلثوم، فوٹوگرافر سونیا مشال اور اسٹائلسٹ آرندا طول النور نے بھی ثنا جاویود پر نامناسب رویے کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں دوسروں کو کم اہم سمجھنے والی خاتون قرار دیا تھا۔

جہاں ثنا جاوید پر لوگوں نے الزامات لگائے تھے وہیں شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد اور صحافیوں نے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربات بیان کیے تھے۔

ثنا جاوید کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کرنے والی دیگر شخصیات میں کرکٹر شعیب ملک، شوبز شخصیت وقاص رضوی، راسخ اسماعیل خان،صحافی مہوش اعجاز اور آمنا عیسانی سمیت دیگر افراد شامل تھے۔

اب ہدایت کار عامر یوسف نے ثنا جاوید کے رویے کی شکایت کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کردیے۔

عامر یوسف نے انسٹاگرام پوسٹ میں ثنا جاوید کی تصویر اور اپنے ڈرامے ’اعتراض‘کی شوٹنگ کی جھلکیاں شیئر کرتےہوئے لکھا کہ ’اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ثنا جاوید انتہائی غیر پیشہ ورانہ خاتون ہیں‘

عامر یوسف نے لکھا کہ وہ عام طور پر کسی کے رویے سے متعلق یوں کھل کر بات نہیں کرتے لیکن اب انہوں نے محسوس کیا کہ کسی شخص کی جانب سے کام کے دوران کیے گئے نامناسب رویے پر بات کرنے کا وقت آچکا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ثنا جاوید کا رویہ اںتہائی نامناسب ہوتا ہے اور اداکارہ نے ان کا ڈراما ’اعتراض‘ بھی برباد کیا۔

ہدایت کار نے لکھا کہ اگر ثنا جاوید ان کے الزامات کو مسترد کرتی ہیں تو ان کے پاس دستاویزی ثبوت موجود ہیں اور وہ ڈاکیومینٹری سامنے لے آئیں گے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ثنا جاوید نے نہ صرف ان کا ڈراما برباد کیا بلکہ انہوں نے ان کے سینیئر استاد ڈائریکٹر ندیم بیگ سے تعلقات بھی خراب کرائے،جنہیں وہ اپنا محسن مانتے اور سمجھتے ہیں۔

عامر یوسف نے اپنی پوسٹ میں ’ایکٹرس الائنس ٹرسٹ‘(اے سی ٹی) پاکستان کی چیئرپرسن عتیقہ اوڈھو اور ’یونائیٹڈ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن‘(یو پی اے) کے چیئرمین نبیل ظفر سے ثنا جاوید کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تفتیش کےلیے جوائنٹ تفتیشی کمیٹی کا اعلان کریں۔

ہدایت کار عامر یوسف سے قبل ہدایت کار ندیم بیگ نے ثنا جاوید کے رویے کی تعریفیں کی تھیں۔

اسی طرح فہد مصطفیٰ اور شعیب ملک نے بھی بتایا تھا کہ ثنا جاوید کا ان کے ساتھ ہمیشہ اچھا رویہ رہا ہے۔

ثنا جاوید نے خود پر لگے الزامات کو اپنے خلاف مظموم مہم قرار دیتے ہوئے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر رکھا ہے اور انہوں نے کم از کم الزامات لگانے والے تین افراد کو قانونی نوٹسز بھی بھجوا رکھے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں