ایبٹ آباد: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نےکاکول کیمپ کا دورہ کیا اور پاکستان آرمی کے ٹرینرز کی جانب سے پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کے لیے لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کا ذاتی طور پر مشاہدہ کیا۔
پی سی بی کے مطابق اس دورے کا مقصد تربیتی کیمپ کے بارے میں جائزہ لینےکے ساتھ ساتھ کیمپ کے انعقاد میں پاک فوج کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ فٹنس کیمپ پاکستان کے کھلاڑیوں کی جسمانی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آئندہ کرکٹ اسائنمنٹس کے لیے بہترین حالت میں ہوں جس میں اس سال جون میں ہونے والا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی شامل ہے۔
اپنے دورے میں چیئر مین پی سی بی نےکھلاڑیوں سے بات چیت کی اور کیمپ میں ان کی لگن اور فعال شرکت پر ذاتی طور پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نےکھلاڑیوں کے جوش و جذبے اور ان کی فٹنس میں اضافے کے بڑھانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔
کھلاڑیوں سے ملاقات کے علاوہ چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب پر بات کی گئی۔ ملاقات میں کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ہیڈکوچ کی تقرری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اراکین کو بھی اعتماد میں لیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میں اپنےکرکٹرز کو سپورٹ کرنے پر پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان کا تعاون نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کے فٹنس لیول میں اضافہ کرےگا بلکہ مستقبل میں انہیں مزید نظم و ضبط کا پابند بھی بنائےگا۔ یہ کیمپ یقینی طور پر کھلاڑیوں کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں عالمی ٹورنامنٹ کی طرف لے جانے والے ایک چیلنجنگ سفر سے پہلے مستحکم پوزیشن میں رکھےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اپنےکھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےکے لیے ضروری آلات اور وسائل سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں مکمل مدد فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔
Load/Hide Comments