وفاق میں حکومت ایک ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی، پرویز الہیٰ

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ شریفوں کی جو خواہش ہے وہ خواہش ہی رہے گی۔ وفاق میں حکومت ایک ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شریفوں کی اصلیت دوبارہ سامنے آ گئی، اللہ تعالی نے ان کو بے نقاب کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق میں مقابلہ ہو گا جبکہ سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ کا ہمیں پتہ ہے کیا کرنا ہے، 100 فیصد وہ دونوں واپس آئیں گے اور ان کا دھڑن تختہ کر کے آئیں گے۔ اعتماد کے ووٹ سے پہلے ہم طارق بشیر چیمہ اور سالک حسین کو واپس لے کر آئیں گے۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ دیکھ لینا ان کی وفاق میں حکومت ایک ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔ طارق بشیر چیمہ کو عمران خان پر کوئی غصہ تھا مگر انہوں نے خلاف ووٹ نہیں دیئے۔ طارق بشیر چیمہ نے آصف زرداری کو کہا کہ یا میرا ووٹ لے لیں یا سالک کا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد آدمی ہے جس نے کہا آپ وزیر اعلیٰ بنیں اور پھر اپنی بات پر قائم بھی رہا جس پر لوگوں کو تکلیف ہوئی مگر خان صاحب نے کہا میں نے کمٹمنٹ دے دی۔ شریفوں کی وفاق کی گیم ختم ہو گئی ہے اور ان کو سمجھ ہی نہیں آ رہی۔ ن لیگ والے اس وقت جلتے توے پر لیٹے ہوئے ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ سالک کو وزارت دی گئی مگر محکمہ نہ دیا تو شجاعت حسین نے کہا واپس لے لیں۔ اسحاق ڈار نے شجاعت حسین کو فون پر کہا سالک کواچھا دفتر بنا کر دوں گا لیکن شجاعت حسین نے کہا کیا ایون فیلڈ میں ہمیں بلاتے ہو اور تم نے تو واپس ہی نہیں آنا۔

مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی ٹکٹ اب فلم کی ٹکٹ بن گئی ہے اور وہ بھی فیل فلم ہے۔ اب صرف عمران خان کے ٹکٹ کی اہمیت ہے اور پنجاب میں ان کو سرپرائز دیں گے جیسے پہلے سرپرائز دیے تھے۔ نواز شریف نے ہمیشہ اپنے لانے والوں سے لڑائی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسے ہی ہیں جیسے بانی متحدہ کا کوئی کہے کہ اداروں کے ساتھ ٹریک ریکارڈ اچھا تھا اور مجھے پوری امید ہے عمران خان کے اداروں سے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔ انشااللہ شریفوں کی جو خواہش ہے وہ بس خواہش ہی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں