مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد ذاتی خواہشات کےلیے نہیں لائے، عمران نیازی بھگوڑے تم ہو گے، ہم تمہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ایک وقت کی روٹی سے محروم کردیا گیا، حکمران ہر روز پیٹرول اور بجلی مہنگی کررہے ہیں، ریکو زیشن پر تمام جماعتوں نے دستخط کیے، پونے چار سال میں 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی کے طوفان میں پھنسا دیا گیا، لوگ وزیر اعظم اور حکومت سے جان چھڑانے کی دعائیں مانگ رہے ہیں، عمران خان خود کو عقل کل اورافلاطون سمجھتے ہیں، میں عمران خان کے لب و لہجے میں بات نہیں کرسکتا، عمران خان پاکستان کے مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے وزیراعظم کو ان کے وعدے بھی یاد کرائے کہا کہ عمران خان ورکنگ انوٹیشن پر امریکہ گئے تو کہا کہ دوسرا ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں، عمران خان دعوے کررہے تھے کہ مر جاوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاوں گا، عمران خان کا دعویٰ تھا کہ بیرون ملک بھیجے گئے پیسے واپس لاوں گا، کہاں گئے عمران خان کے وہ وعدے ؟