اسلام آباد، لاہور: (آئی این این) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری سمیت 11 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔ سپیکر کی جانب سے ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرکے مراسلہ الیکشن کمیشن بھیج دیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفے آئین پاکستان کی آرٹیکل 64 کی شق (1) کے تحت تفویص اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے منظور کیے۔
استعفوں کی منظوری سے پہلے سپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی وزراء خورشید شاہ، سعد رفیق، ایاز صادق سے مشاورت کی۔ تمام ارکان کے استعفے مرحلہ وار منظور ہوں گے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق جن 11 ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں این اے 22 مردان سے علی محمد خان اور این اے 24 چارسدہ سے فضل محمد خان کے نام شامل ہیں۔ این اے 31 پشاور سے شوکت علی، این اے 45 کرم ایک سے فخر زمان، این اے 108 فیصل آباد سے فرخ حبیب اور این اے 118 سے بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق این اے 237 ملیر کراچی سے جمیل احمد خان، این اے 239 کورنگی کراچی سے محمد اکرم چیمہ، این اے 246 کراچی جنوبی سے عبدالشکور شاد کے استعفے بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ان کے علاوہ خواتین کی مخصوص نشستوں سے ڈاکٹر شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار خان کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
فواد چودھری
ایسے احمق حکمران پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئے ملک میں بحران کم کرنے کی بجائے سوچ یہ ہے کہ بحران بڑھایا جائے اس سے لگے گا ہم Anti Establishment ہیں اور ہمیں ووٹ ملے گا یہ وہ احمق ہیں جو گڑھے میں گر گئے ہیں اور بجائے باہر نکلنے کی کوشش کے گڑھا اور گہرا کھود رہے ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 28, 2022
استعفوں پر رد عمل دیتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ایسے احمق حکمران پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئے ملک میں بحران کم کرنے کی بجائے سوچ یہ ہے بحران بڑھایا جائے، اس سے لگے گا ہم Anti Establishment ہیں اور ہمیں ووٹ ملے گا یہ وہ احمق ہیں جو گڑھے میں گر گئے ہیں اور بجائے باہر نکلنے کی کوشش کے گڑھا اور گہرا کھود رہے ہیں
سعد رفیق
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے گیارہ اراکین قومی اسمبلی کلین بولڈ ہو گئے ہیں، استعفے منظور کر لیے گئے، سلیکٹڈ کو مسترد کرتے ہیں۔
PTI eleven clean bowled
resignations accepted
selected rejected— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) July 28, 2022
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے فلور پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
شاہ محمود قریشی نے وزارتِ عظمیٰ کے الیکشن کے دوران تقریر میں کہا تھا ہم اس ایوان سے مستعفی ہوتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ نئے الیکشن کروائے جائیں۔
واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 30 مئی کو سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کیا تھا۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر نے پی ٹی آئی کے استعفے دینے والے ارکان کو طلب کیا ہے۔ جس کے لیے مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کردیے تھے۔ سپیکرنے پی ٹی آئی اراکین کوتصدیق کیلئے 6 جون کو طلب کیا ہے اور پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کی تعداد 131 ہے۔ استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعہ 10 جون تک جاری رہے گا اور روزانہ 30 مستعفی ارکان سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔ تاہم اس دوران تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی سپیکر کے رو برو پیش نہ ہوئے جس کے باعث استعفے منظور کرنے کا عمل التوا میں پڑ گیا تھا۔