اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 23-2022 کے بجٹ میں تنخواہ دارطبقے کے لیے ٹیکس سلیبز 12 سے کم کر کے 7 کردیئے گئے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کی تفصیلات جاری کیں۔ بجٹ تجویز کے مطابق سالانہ 6 لاکھ روپے تک آمدن پر ٹیکس استثنیٰ ہو گا اور 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک کی تنخواہ پر 100 روپے ٹیکس ہو گا۔
بجٹ میں 12 لاکھ سے 24 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر 7 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے جبکہ 24 لاکھ سے 36 لاکھ آمدن تک 84 ہزار فکس رقم ادا کرنا ہوگی اور سلیبز پر 12.5 فیصد انکم ٹیکس الگ ٹیکس ہو گا۔
بجٹ تجویز کے مطابق 36 لاکھ سے 60 لاکھ روپے آمدن پر 2 لاکھ 34 ہزار فکس رقم ادا کرنا ہو گی اور 17.5 فیصد الگ سے انکم ٹیکس ہو گا جبکہ 60 لاکھ سے ایک کروڑ 20 لاکھ آمدن پر 6 لاکھ 54 ہزار فکس رقم ادا کرنا ہو گی اور الگ سے 22.5 فیصد انکم ٹیکس دینا ہو گا۔
بجٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ایک کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد آمدن پر 20 لاکھ 4 ہزار فکس رقم ادا کرنا ہوگی اور اس آمدن پر32.5 فیصد ٹیکس الگ سے ادا کرنا ہو گا۔