لاہور: (آئی این این) پاکستان تحریک انصاف آج لاہور میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میدان لگا لیا۔
پی ٹی آئی کے لاہور میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی،پارٹی کارکنوں کی جانب سے جلسے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
جلسہ کے لئے عمران خان گزشتہ روز ہی لاہور پہنچ گئے تھے، انتظامات دیکھنے کے لیے چیئرمین تحریک انصاف نے گزشتہ رات ہاکی سٹیڈیم کا دورہ بھی کیا۔
جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے مختلف راستے بنائے گئے ہیں، خواتین ، فیملیز کے بیٹھنے اور داخلہ الگ دروازے سے ہوگا، مرد حضرات اور جنرل پبلک الگ راستے سے جلسہ گاہ داخل ہوں گے، جلسہ گاہ کے اندر عوام کو براہِ راست جلسہ دکھانے کے لیے بڑی سکرینز بھی نصب کر دی گئی ہیں۔
جلسہ گاہ میں سٹیج بنا دیا گیا، ساؤنڈ سسٹم بھی لگا دیا گیا، سیڑھیوں پر بیٹھنے کی گنجائش 45 ہزار ہے، گراونڈ میں بھی بیٹھنے کے لیے کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔
مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد افراد کے جلسہ گاہ میں آنے کا انتظام کیا گیا ہے، ٹینس کمپلیکس کے ساتھ 20 بیڈز پر مشتمل ایک ایمرجنسی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے، پارکنگ لبرٹی گول چکر اور بوائز ہائی سکول گلبرگ کے پاس کی جائیگی۔