الیکشن کا اعلان یا معاشی بحران پر قابو پانے کا عزم، شہباز شریف اتحادیوں سے مشاورت کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف حکومتی اتحادیوں کے ساتھ جلد ہی مشاورتی اجلاس منعقد کریں گے، جس میں اتحادیوں کو لندن میں کیے گئے فیصلوں پر اعتماد میں لیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شہبازشریف لندن اور متحدہ عرب امارت (یو اے ای) کا دورہ کرنے کے بعد اتوار کی صبح 9 بجکر 30 منٹ پر وفاقی دارالحکومت پہنچے، یو اے ای میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم لندن میں اجلاس کے دوران کیے جانے والے فیصلوں کے بارے میں اتحادی جماعتوں کو آگاہ کریں گے، مستقبل کے لائحہ عمل کا متفقہ طور پر فیصلہ کریں گے اور اس کے بعد شہبازشریف قوم سے خطاب کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم دو میں سے ایک آپشن کا انتخاب کریں گے، وہ اگلے عام انتخابات کا اعلان کریں گے تاکہ پاکستان تحریک انصاف کے جارحانہ موقف کے اثر کو زائل کیا جاسکے، یا پھر ملک میں جاری غیر معمولی معاشی بحران پر قابو پانے کا عزم کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ 20 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے، عوام کا سونامی وفاقی دارالحکومت پہنچے گا اور اس وقت تک واپس نہیں آئے گا جب تک اگلے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا جاتا۔

دوسری طرف حکومت کا کہنا ہے کہ انہیں معاشی بحران ورثے میں ملا ہے جس کے باعث ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

شہباز شریف لندن کے نجی دورے پر متعدد کابینہ اراکین کے ساتھ 10 مئی کو روانہ ہوئے، بظاہر یہ دورہ سیاسی صورتحال پر قابو پانے اور ملک میں جاری معاشی بحران پر نواز شریف سے رہنمائی لینے کے لیے کیا گیا۔

انہوں نے لندن میں پانچ دن قیام کیا اور پاکستان واپس آتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کے لیے یو اے ای میں رکے، جن کا انتقال 13 مئی کو ہوا تھا۔

وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے یو اے ای کے نومنتخب صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے مرحوم صدر کی وفات پر حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم پاکستان نے شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی قیادت میں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچانے اور مضبوط کرنے کی تعریف کی اور کہا کہ شیخ خلیفہ کی متحرک قیادت میں یو اے ای بڑا معاشی ملک بنا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر منختب ہونے پر شیخ محمد بن زاید النہیان کو مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں اور کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔

انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ متحدہ عرب امارات کوآنے والے دنوں میں تعمیر و ترقی کرکے نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔

شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی دکھ کی گھڑی میں اظہار یکجہتی کرنے پر پاکستان کے وزیراعظم، قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستقبل میں مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں