واشنگٹن: امریکہ میں کورونا ویکسین نہ لگوالے والے مریض کا ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی شہر بوسٹن میں دل کی پیوندکاری کے منتظر مریض کو کورونا ویکسین نہ لگوانے پر سرجری سے انکار کیا گیا۔
مریض کے والد ڈیوڈ فرگوسن کا کہنا تھا کہ ان کا 31 سالہ بیٹا موت کے دہانے پر کھڑا ہے اور ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا منتظر ہے اور اس نے اسپتال میں کورونا ویکسی نیشن کروانے سے انکار کر دیا کیوںکہ وہ اس کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کا عملہ میرے بیٹے پر ویکسین لگوانے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے کہ اگر اس نے ویکسی نیشن نہیں کروائی تو وہ اس کا ہارٹ ٹرانسپلانٹ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب بوسٹن کے برگھم اینڈ ویمنز اسپتال کی ترجمان نے مریض کے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سے انکار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے آپریشن اور اعضا کے ٹرانسپلانٹ کے لیے کورونا ویکسی نیشن کا مکمل ہونا لازمی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہمارے پاس سی ڈی سی (مرکز برائے دافع امراض اور تحفظ) کی تجویز کردہ تمام ویکسین بشمول کووڈ 19 موجود ہیں۔ ہم ٹرانسپلانٹ کے امیدواروں میں آپریشن کو کامیاب بنانے کے ساتھ ساتھ مریض کی جلد از جلد بحالی بھی کرنا چاہتے ہیں کیوںکہ اتنی بڑی جراحی کے بعد انسان کا مدافعتی نظام کمزور پڑ جاتا ہے۔