لاہور: (آئی این این) 25 مئی کو پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں پر تشدد کا الزام، عدالت نے عطاء تارڑ کی 14 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو لیگی رہنما کی گرفتاری سے روک دیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائرکی تھی، درخواست میں عطا تارڑ نے استدعا کی تھی کہ لاہور کی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کیلئے حفاظتی ضمانت دی جائے۔
علاوہ ازیں معاون خصوصی وزیراعظم و رہنما مسلم لیگ ن عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف جو مقدمات بنائے جا رہے ہیں وہ محض تعصب اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں کرپشن، اسٹریٹ کرائمز، صنفی جرائم عروج پر ہیں وہاں پوری وزارت داخلہ سیاسی مخالفین کو دھمکیاں دینے میں مصروف ہے، قانونی راستہ اپناؤں گا، اللہ تعالٰی کے فضل سے نہ کبھی جھکا تھا نہ جھکوں گا۔