اسلام آباد (آئی این این) آئی ایم ایف ایگزیکٹوبورڈ نے پاکستان کیلئے 1 ارب 10 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، رقم رواں ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق پاکستان کو غریب طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانا ہوگا جس کیلئے قرض کی منظوری دی گئی ہے، دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام بحالی کومثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ منظوری کے بعد پاکستان کو 1 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں قسط ملے گی، سخت فیصلے لئے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کیلئے وزیراعظم کا شکریہ اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی پاکستان کو قرض کی ادائیگی سے متعلق پروگرام کی منظوری کی تصدیق کی اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی دغا بازی کے باوجود آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے پروگرام منظور کر لیا۔
آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کو وزیراعظم نے مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہوگیا، ملک میں معاشی استحکام آئے گا،مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے، دعا ہے کہ یہ آخری پروگرام ہو، پاکستان کو دوبارہ ضرورت نہ پڑے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کیلئے قرض کی معیاد جون 2023 تک بڑھا دی گئی ہے، قرض کی مقدار میں بھی 500 ملین ڈالر کا اضافہ کیا گیا ہے، قرض کا حجم 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر 6.5 ارب ڈالر ہو گیا۔