جلد ہی ریلیز ہونے والی رومانٹک ایکشن کامیڈی فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ میں جلوے بکھیرنے والی اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ وہ فلم میں مریم کے کردار کے لیے رنگت کی وجہ سے موزوں نہیں مگر وہ گوری رنگت کا انجکشن لگوالیں گی۔
صنم سعید حال ہی میں ساتھی اداکار محب مرزا کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام جشن کرکٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے پروگرام کے مختلف سیگمنٹز میں سوالوں کے جوابات بھی دیے۔
اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ زندگی گلزار ہے ڈرامے کا کردار ان کی حقیقی زندگی سے بہت مختلف تھا جب کہ انہیں فواد خان کے بجائے محب مرزا کے ساتھ کام کرنے میں زیادہ مزہ آیا۔
صنم سعید نے یہ بھی کہا کہ لوگ ان کی آنے والی فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ میں ان کی ڈانس دیکھ کر محظوظ ہوں گے، تاہم یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کی اب تک کی سب سے بہترین فلم کیک ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ انہیں ڈراموں سے زیادہ فلموں میں کام کرنے میں مزہ آتا ہے جب کہ انہوں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ عورتیں ہی عورتوں کی دشمن ہوتی ہیں۔
صنم سعید نے ایک سوال کے جواب میں وضاحت کی کہ شوبز انڈسٹری میں ٹیلنٹ اور خوبصورتی دونوں کی بنیاد پر پچاس پچاس فیصد کام ملتا ہے۔
اب تک کی میری سب سے بہترین فلم کیک ہے، اداکارہ—پرومو فوٹو
اداکارہ نے کہا کہ وہ سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتیں اور نہ ہی وہ کبھی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شامل ہونا چاہیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں صنم سعید نے کہا کہ شاید عمران خان ان کی بھی دعائوں کی وجہ سے وزیر اعظم بنے، کیوں کہ انہوں نے پاکستان کے لیے ایک ایماندار وزیر اعظم کی دعا کی تھی۔
جب صنم سعید سے پوچھا گیا کہ وہ فلم میں مریم نواز کا کردار ادا کرلیں گی توانہوں نے اگر ان کی رنگت پر کسی نے اعتراض نہیں کیا تو وہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کردار بھی ادا کرلیں گی، تاہم ساتھ ہی کہا کہ مگر اس کے لیے فلم بنانے والوں کو کسی اور کو تلاش کرنا پڑے گا۔
تاہم اسی دوران محب مرزا نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ مذکورہ کردار کے لیے رنگت گوری کرنے والا انجکشن لگوائیں گی؟ جس پر اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ مریم نواز کے کردار کے لیے انجکشن لگوا لیں گی یا پھر میک اپ کی مدد سے وہ گوری بن جائیں گی۔