اسلام آباد:(آئی این این) لسبیلہ ہیلی کاپٹرحادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا مہم کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے کارکن ملوث نکلے، مہم کے کرداروں کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پراپیگنڈا مہم میں ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے کارکنوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، پاکستان سے 500 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس منفی پراپیگنڈا مہم کا حصہ بنے جبکہ بھارت اور دوسرے ممالک سے بھی سینکڑوں اکاؤنٹس کے ذریعے پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی۔
واضح رہے کہ یہ مہم ایسے وقت میں شروع کی گئی جب پوری قوم پاک فوج کے اعلیٰ ترین افسران کی شہادتوں پر غمزدہ تھی، کور کمانڈر بلوچستان سمیت پاک فوج کے شہید ہونے والے افسران لسبیلہ میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیوں میں شریک تھے۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ سوشل میڈیا مہم کے کرداروں کی گرفتاریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گھناؤنی مہم چلانے والوں سے تفتیش کے نتیجے میں ان کے سرپرستوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، تفتیش کرنے والے ادارے ان کرداروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔