کراچی(آئی این پی ) اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ قندیل بلوچ ان کے خواب میں آکر کہتی تھی کہ مجھے انصاف دلا۔
صبا قمر نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا چاہے کوئی بھی خواجہ سرا ہو یا بظاہر انداز میں ایسا ہو ہر ایک کی عزت ہونی چاہئے لیکن ہمارے معاشرے میں ایسے لوگوں سے امتیازی سلوک روا رکھا جا تا ہے۔صبا قمر نے کہا وہ اس ویب سیریز میں ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں جو ایک خوش شکل اور مردانہ وجاہت سے بھرپور مرد کی محبت میں گرفتار ہوجاتی ہے لیکن بعد میں اسے احساس ہوتا ہے کہ محبت یہ نہیں حقیقت تو کچھ اور ہے۔ محبت کیا ہے وہ اومینا (صبا قمر) کو شمیم سکھاتا ہے۔
انٹرویو کے دوران صبا قمر نے اپنے سپر ہٹ پروجیکٹ” باغی “جو کہ سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ کی زندگی پر بنایا گیا تھا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ قندیل کے کردار کو میں نے اتنا دل سے کیا کہ وہ کرنے کے بعد میں پورا ایک سال کچھ کر نہیں سکی۔ میں ڈپریشن میں چلی گئی تھی۔صبا قمر نے کہا میں نے شاید یہ بات کبھی کسی پلیٹ فارم پر نہیں بتائی کہ میں رات کو سوتی تھی تو وہ (قندیل بلوچ) مجھے خواب میں نظر آتی تھی اور میں نیند سے اٹھ جاتی تھی۔ کتنی بار میں اپنی ماں کے پاس گئی اور میں نے کہا امی مجھے وہ نظر آئی ہے۔صباقمر نے کہا یقین مانیے میرے رونگھٹے کھڑے ہوجاتے تھے جب وہ مجھے کہتی تھی کہ” مجھے انصاف دلا”۔ پھر میں نے اس پروجیکٹ کو بہت دل سے کیا۔
اداکارہ صبا قمر نے کہا شروع میں جب میں نے” باغی” پروجیکٹ لیا تو میں اتنی سنجیدہ نہیں تھی کہ چلو یہ تو ہٹ ہے دنیا قندیل کو دیکھتی تھی پسند کرتی تھی۔ لیکن جب یہ سب ہونے لگا میرے ساتھ تو پھر میں نے اس کو ذمہ داری سمجھا کہ مجھے صحیح سے اسے لوگوں تک پہنچانا ہے۔