وفاقی وزارت تجارت نے سیلاب سے تباہی کے باعث پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تجارت کے اجلاس میں حالیہ بارشوں سے سبزیوں کی پیداوار متاثر ہونے اور مارکیٹ میں قلت کی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس کی صدارت وفاقی سیکرٹری تجارت نے کی۔
اجلاس میں پی ایف وی اے نے بھارت سے بھی پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت کی تجویز دی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی طلب پوری کرنے کے لیے بھارت سے بھی درامد کرنا ہوگی جس پر وفاقی حکومت نے بھارت سے پیاز ٹماٹر کی درآمد کی تاحال اجازت نہیں دی۔
سیلاب سے سندھ میں پیاز کی 80 فیصد سے زائد فصل برباد ہوگئی اور ٹماٹر کی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
بلوچستان میں پیاز کے سیزن کے دوران طوفانی بارش اور سیلاب سے پیاز کی فصل تباہ ہوگئی۔
وفاقی وزارت تجارت نے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دی تاہم دیگر ملکوں سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کے لیے منگل سے سودے طے کرنا شروع کردیں گے۔
اجلاس میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور ایف بی آر کے اعلئ افسران نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ ماہرین نے سیلاب کے باعث پاکستان میں غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
سیلاب سے تباہی کے اثرات سبزی منڈیوں تک پہنچنے لگے، سندھ میں پیاز اور ٹماٹر کی فصل تباہ ہونے سے قیمتوں میں دوگنا اضافہ ہو گیا۔
سبزی منڈی میں ٹماٹر اور پیاز کی قلت ہو گئی، منڈی میں پیازایک سو پچھتر روپیہ فی کلو کے بجائے دو سو سے ڈھائی سو روپے فی کلو میں مل رہا ہے۔
ستا بازار میں پانچ کلو پیاز 1150 روپے میں فروخت ہونے لگا، تاجروں نے حکومت سے اپیل کی کہ افغانستان اور ایران سے پیازدرآمد کرنے کی اجازت دینے کے ساتھ ساتھ ٹیکسز کو ختم کیا جائے تاکہ بحران سے نمٹا جا سکے۔