واشنگٹن: امریکہ نے یوکرین کو خفیہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ روس آئندہ 48 گھنٹوں میں بڑا حملہ کرسکتا ہے۔ اس حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس کی جانب سے جو بڑا حملہ کیا جائے گا وہ بیک وقت فضائی، میزائلی اور زمینی نوعیت کا ہو گا۔
ہم نیوز نے انگریزی کے عالمی شہرت یافتہ جریدے نیوز ویک کے حوالے سے بتایا ہے کہ یوکرین کے صدر وولو دیمیر زیلنسکی کو یہ اطلاع امریکی صدر جوبائیڈن کے عملے کی جانب سے دی گئی ہے۔
اس ضمن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دی جانے والی اطلاع امریکی انٹیلیجنس رپورٹس کے جائزے پر مشتمل ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اس سے قبل بھی روسی پیش قدمی کے متعلق بتایا تھا۔
دلچسپ بات ہے کہ امریکیوں کی جانب سے دی جانے والی اطلاع کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عین ممکن ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن اپنا ارادہ بدل لیں۔
یوکرین کو امریکیوں کی جانب سے آگاہی دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بڑے روسی حملے سے قبل سائبر اٹیک بھی ہوں گے جس کے بعد بھرپور قوت کے ساتھ ماسکو حملہ آور ہو گا۔
عالمی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے یوکرین پر جاسوسی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔
جریدے کی رپورٹ کے مطابق روس یوکرین کے مشرق میں دونباس کی جانب سے اور شمال میں بیلاروس سرحد کی طرف سے دارالحکومت کیف کی جانب پیش قدمی کرے گا۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل ایک اور خبر رساں ایجنسی نے بتایا تاھ کہ یوکرین کی حکومت اور وزارت خارجہ سمیت کئی ریاستی ویب سائٹس تک رسائی معطل ہوگئی ہے۔
عالمی جریدے نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ اسی ہفتے سرکاری اداروں، بینکوں اور دفاعی شعبوں کی سائٹس پر سائبر حملوں کی وارننگز جاری کی گئی تھیں۔