روس نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔
روس میں تعینات امریکی سفیر جان سیلوان کو ماسکو میں وزارت خارجہ میں طلب کر کے خبردار کیا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مکمل طور پر تباہی کے دہانے پرہیں۔
روسی سرکاری میڈیا ے مطابق وزارت خارجہ نے ایک مراسلہ سفیرکے حوالے کیا ہے اور اس میں باورکرایا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میرپیوٹن کے بارے میں ناقابل قبول بیانات دیے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صدربائیڈن کے اس طرح کے بیانات سے روس اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے درمیان تعلقات منقطع ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
مراسلے میں جوبائیڈن کے ان بیانات کا حوالہ دیا گیا تھاجن میں انھوں نے ولادی میرپیوٹن کو یوکرین پرحملے کا جنگی مجرم قراردیاتھا۔