ملتان: پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 53 رنز سے کامیابی حاصل کر لی ہے اور اس طرح ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی تین صفر سے جیت لی ہے۔
نجی نیوز کے مطابق تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے پاکستان نے 270 رنز کا ہدف دیا تھا جب کہ مہمان ٹیم ہدف کے تعاقب میں 38 ویں اوورز میں 216 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
عقیل حسین دھواں دھار 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ کیاسی کاٹی بھی 33 رنز بنا کر پاکستانی باؤلرز کے خلاف مزاحمت کرنے میں کامیاب دکھائی دیے۔
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور یوں پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں 53 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حسن علی اور محمد نواز نے 2/2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نجی نیوز کے مطابق پاکستان نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے تھے۔ آل راؤنڈر شاداب خان 86، امام الحق 62 اور خوشدل شاہ 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے تھے جب کہ کپتان بابراعظم صفر رن پر آؤٹ ہوئے تھے۔
تیسرے ون ڈے میں بھی کامیابی: پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف کلین سوئپ
کریبئین کپتان نکولس پوران نے 10 اوورز میں48 رنزدے کر4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ وکٹ کیپربلے باز نکولس پوران نے ون ڈے میں پہلی بارمکمل اوور کرایا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر شائقین پر پولیس کا لاٹھی چارج
نجی نیوز کے مطابق کیموپال نے 2، عقیل حسین، جیڈن سیلزاورہائیڈن واش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مٹی کے طوفان کے باعث میچ کو 48 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ موسم کی خرابی اور گرد و غبار کے باعث میچ کو تقریباً ایک گھنٹے تک روکا گیا تھا۔ میچ دوبارہ شروع ہوا تو ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے ماسک پہن کر فیلڈنگ کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
میچ کے آغاز پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث رؤف کی جگہ شاہ نواز دھانی جب کہ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حسن علی کو موقع دیا گیا ہے۔
مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن نے کہا تھا کہ کوشش ہو گی شاہین آفریدی کی عدم موجودگی میں پاکستان پر دباؤ بڑھائیں اور سیریز کے آخری میچ میں کامیابی سمیٹیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے شاہنواز دھانی ون ڈے میچ میں ڈیبیو کر رہے ہیں، انہیں شاہین شاہ آفریدی نے کیپ دی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے کالی آندھی کو 120 رنز کے مارجن سے ہرایا تھا۔