اسلام آباد: (آئی این این) خاتون جج کو دھمکیاں اور توہین عدالت کیس میں چیئر مین پی ٹی آئی عمران نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئے اور ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست دائر کی۔
عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست وکیل بابر اعوان اور علی بخاری کے ذریعے انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر کی گئی جبکہ دراخواست پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس سماعت کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ دہشت گردی کا جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ ہے، کبھی کوئی جرم کیا نہ ہی کرمنل ریکارڈ ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ضمانت منظور کی جائے اور اسلام آباد پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے عمران خان کو تین دن کے اندر ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملنے والی حفاظتی ضمانت کا آج آخری دن تھا۔