تاجروں پر فکس ٹیکس، بلوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج ختم، وزیراعظم کا بڑا اعلان

دوحہ: (آئی این این) وزیراعظم شہباز شریف نے عوام اور تاجروں کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے تاجروں پر فکس ٹیکس اور بجلی کے بلوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج ختم کر دیئے، بجلی کے بلوں پر رعایت سے ایک کروڑ 71لاکھ صارفین مستفید ہوں گے جبکہ ملک بھر کے تین لاکھ ٹیوب ویل صارفین بھی فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج سے مستثنیٰ قرار دیدیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے ہم مہنگائی کے جن کو ملکر بوتل میں بند کریں، ہمیں آئندہ آنے والے وقتوں میں کامیابی حاصل ہوگی۔ دو معاملات میں آپ سے بات کرنا چاہتا تھا، تاجروں کے حوالے سے فکسڈ ٹیکس لگایا گیا، جس سے چھوٹے تاجر بھی متاثر ہوئے اور پریشانی کا شکار ہوئے، ہماری حکومت کی منشا اور ہدایت تاجروں کی پریشانی نہیں تھی اس لیے نوٹس لے کر کمیٹی قائم کردی جو ذمہ داران کا تعین کرے گی مگر اس میں کچھ وقت لگے گا اور ٹیکس ختم ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں سے فکسڈ ٹیکس 3 سے 10 ہزار ختم کیا جاچکا ہے، 42 ارب روپے کا نقصان دیگر محصولات سے پورا کریں گے۔ حکومت چھوٹے تاجروں کو مشکل میں نہیں ڈال سکتی، البتہ تین ہزار ٹیکس مقرر کرنے کی سفارش ہے تاکہ ایف بی آر کے محصولات اور ہدف کو حاصل کیا جاسکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تیل مہنگا منگوانے پر اگلے مہینے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگ کر آجاتے تھے، جولائی اور اگست کے مہینوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی مگر بجلی کی ترسیل کرنے والی کمپنیوں نے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگا کر بھیجے جس سے صارفین کو تکلیف پہنچی اور اُن پر بوجھ پڑا۔ نواز شریف کے حکم اور اتحادیوں کی خواہش اس پر نظر ثانی کی اور پھر ہم نے تین چار دن کی ورکنگ اور کام کے بعد اب اس ٹیکس کو ختم کردیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے مشاورت کرکے ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین پر عائد کیا جانے والے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کو ختم کردیا گیا ہے، باقی جو اچھی آمدن والے لوگ ہیں انہیں فی الوقت ایف اے سی دینا پڑے گا، ہم اس پر نظر ثانی کررہے ہیں ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں کوئی راستہ نکل آئے۔ فیول ایڈجسٹمںٹ چارجز ختم کرنے کے حوالے سے وزیر توانائی جلد میکنزم کا اعلان کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں