نئی دہلی؛ ممتاز بھارتی فیشن ڈیزائنر پرتھیوشا گیریمیلا نے خود کشی کر لی ہے جس کی وجہ سے بالی ووڈ میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مؤقر بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی اور انڈین ایکسپریس کے مطابق 36 سالہ بھارتی فیشن ڈیزائنر پرتھیو شا گیریمیلا حیدرآباد کے بنجارا ہلز میں واقع اپنی رہائش گاہ پہ مردہ پائی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتھیوشا گیریمیلا کی موت کی اطلاع گھر والوں نے پولیس کو دی جس میں بتایا گیا کہ فیشن ڈیزائنر اپنے گھر کے واش روم میں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں۔
بھارت میں خودکشیوں میں ریکارڈ اضافہ
پولیس کے مطابق پرتھیوشا کے پاس سے ایک تحریری نوٹ ملا ہے جس پر لکھا ہوا ہے کہ ان کی موت کی وجہ کوئی اور نہیں ہے بلکہ بڑھتے ہوئے ذہنی تناؤ اور اکیلے پن کی وجہ سے وہ انتہائی قدم اٹھا رہی ہیں۔
پولیس کو ان کے بیڈروم سے کاربن مونو آکسائیڈ سلینڈر بھی ملا ہے، مقدمہ درج کر کے تفتیش و تحقیق کا آغاز کردیا گیا ہے۔
فیشن ڈیزائنر پرتھیوشا گیریمیلا بنجارا میں واقع اپنے اسٹوڈیو میں کام کرتی تھیں، ان کے کلائنٹس میں نامور بالی وڈ اور ٹالی وڈ اداکارائیں شامل تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خود کشی کرنے والی پرتھیوشا نے بالی ووڈ کی معروف اداکارائیں مادھوری ڈکشت، جوہی چاولہ، جیکولین فرنینڈس، کاجول، پرینیتی چوپڑا، ہما قریشی، نیہا دھوپیا اور گوہر خان سمیت متعدد شوبز شخصیات کے ساتھ کام کر چکی تھیں۔