یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ نیند ہماری زندگی کا اہم ترین حصہ ہے کیونکہ ہم اوسطاً ایک تہائی وقت سوتے ہوئے گزارتے ہیں۔
اور اگر آپ اس کو اہمیت نہیں دیتے تو یہ جان لیں کہ اچھی نیند دل کی شریانوں کے امراض بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
یہ بات فرانس میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی جس میں کہا گیا کہ ناقص نیند جان لیوا امراض کا شکار بناسکتی ہے۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ موجودہ عہد میں بیشتر افراد اپنی مصروفیات کے باعث کم نیند کے عادی ہوجاتے ہیں۔
فرنچ نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل ریسرچ کی تحقیق میں نیند کی عادات اور امراض قلب کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اچھی نیند سے امراض قلب اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے لیے 2008 سے 2011 کے درمیان 50 سے 75 سال کی عمر کے 7203 افراد کے اکٹھا کیے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق کے آغاز میں یہ سب افراد امراض قلب سے محفوظ تھے جبکہ ان سب کے جسمانی معائنے کے ساتھ ساتھ متعدد بائیولوجیکل ٹیسٹ ہوئے۔
ان افراد کی طرز زندگی اور طبی تاریخ کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا گیا اور پھر ان سب افراد کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا۔
محققین نے دریافت کیا کہ اچھی نیند سے دل کی شریانوں کے امراض کا خطرہ 74 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیند کے معیار کو کچھ حد تک بہتر بناکر بھی فالج اور امراض قلب کا خطرہ 22 فیصد تک کم کردیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ناقص نیند یا خراٹوں سے فالج یا بلڈ کلاٹس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے کیونکہ اس سے رات کے وقت خون میں آکسیجن کی مقدار کم ہوتی ہے اور خون گاڑھا ہوجاتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج یورپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کی سالانہ کانفرنس کے دوران پیش کیے گئے۔