امریکہ میں پیٹرول کی قیمت پہلی مرتبہ پانچ ڈالر فی گیلن سے بڑھ گئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کو پیٹرول کی قیمت 5 ڈالر فی گیلن سے بڑھ گئی۔ امریکہ میں ایک گیلن میں پونے چار لیٹر ہوتے ہیں۔
دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جن کی وجوہات طلب میں اضافہ، روس پر پابندیاں اور خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت میں کمی ہے۔
ایک سال پہلے تک امریکہ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 3.07 ڈالر تھی جس میں اب تک 62 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔
امریکہ میں سال 2021 کے مقابلے میں رواں سال مئی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 35 فیصد زیادہ تھیں۔ اس سے صارفین کے استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال مئی میں اشیا کی قیمتیں 8.6 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئیں۔ اس سال امریکہ میں مہنگائی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔
رواں سال فروری میں روس کے یوکرین پر حملے اور معاشی پابندیوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جس نے دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں اور مہنگائی کی شرح کو متاثرکر رکھا ہے۔
برطانوی دارالحکومت لندن اور امریکی شہر نیویارک میں فی بیرل خام تیل کی موجودہ قیمت 120 ڈالر ہے۔