امریکی پولیس نے سابق امریکی عالمی ہیوی ویٹ چمپیئن باکسر مائیک ٹائیسن کی جانب سے طیارے پر ایک شخص کی پٹائی کرنے کے معاملے کی تفتیش کا آغاز کردیا۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق سابق باکسر کی جانب سے دوران پرواز مسافر کی پٹائی کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو کی پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی۔
رپورٹ کے مطابق مائیک ٹائسن کے ترجمان نے بتایا کہ باکسر نے سان فرانسسکو ایئرپورٹ پر فلوریڈا کے لیے اڑان بھرنے کو تیار طیارے میں اپنے قریب بیٹھے ایک شخص کی اس وقت پٹائی کی جب مذکورہ شخص نے بار بار مائیک ٹائسن کا مذاق اڑایا۔
امریکی شوبز ویب سائٹ ’ٹی ایم زیڈ‘ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے میں موجود شخص مائیک ٹائسن کو قریب بیٹھا دیکھ کر خوشی سے پاگل ہوگیا اور باکسر کے حوالے سے باتیں کرنے لگا۔
رپورٹس کے مطابق مداح کی جانب سے بار بار مذاق کیے جانے اور مبینہ طور پر مائیک ٹائسن کی جانب پانی کی خالی بوتل پھینکے جانے کے بعد باکسر نے اس کی پٹائی کردی۔
ٹی ایم زیڈ نے مائیک ٹائسن کی جانب سے مداح کی پٹائی کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں وائرل ہوگئی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں مائیک ٹائسن کو پوری طاقت کے ساتھ مداح کی پٹائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ بعد ازاں مداح کے چہرے کو خون سے لت پت بھی دیکھا گیا۔