دبئی: دبئی میں گزشتہ روز ’دی راک‘ نامی بڑے ہیرے کو نیلامی سے قبل پہلی بار نمائش کے لیے پیش کیا گیا جہاں اس بیش قیمت ہیرے کی 3کروڑ ڈالر سے زائد میں فروخت متوقع ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برطانوی آکشن ہاؤس کرسٹیز نے کہا کہ 228.31 قیراط سائز کے اس ہیرے کی 20 سال پہلے جنوبی افریقہ میں کان کنی اور پالش کی گئی تھی اور نیلامی میں آنے والا اب تک کا سب سے بڑا سفید ہیرا ہے۔
نیلام گھر کی دبئی کی برانچ میں اسے 26 سے 29 مارچ تک نمائش کے لیے رکھا جائے گا جس کے بعد دی راک تائی پے، نیویارک اور جنیوا جائے گا جہاں اس کی نیلامی 11 مئی کو ہوگی۔
کرسٹیز میں زیورات کے بین الاقوامی سربراہ راہول کداکیا نے اے ایف پی کو بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں ہمیشہ سے ہی اہم جواہرات اور قیمتی پتھروں کی بہت زیادہ قدر کی جاتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سوچا کہ ہمارے لیے یہ اچھا ہو گا کہ ہم ایک ایسے علاقے میں ہیرے کو لانچ کریں جہاں اس نوعیت کے اہم جواہرات کے قدردان موجود ہیں، یہ ہیرا جیمولوجیکل انسٹیٹیوٹ آف امریکا کی جانب سے تراشا گیا کا سب سے بڑا موجودہ D-Z رنگ کے ناشپاتی کے سائز کا ہیرا ہے۔
کرسٹیز کے زیورات کی نجی فروخت کے بین الاقوامی سربراہ جولین برونی نے کہا کہ یہ نیلامی میں فروخت ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سفید ہیرا ہے، یہ ممکنہ طور پر 3کروڑ ڈالر سے زائد میں فروخت ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پچھلے کچھ سالوں میں خطے میں ہیروں کی بہت زیادہ مانگ دیکھی ہے، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک ہمیشہ سے منفرد ہیروں اور جواہرات کی کلیدی منڈی رہے ہیں۔
اس سے قبل دنیا کا سب سے بڑا بے رنگ ہیرا پچھلا نیلامی ریکارڈ 163.41 قیراط کا تھا جو نومبر 2017 میں 3کروڑ 37لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔
لندن میں سوتھبیز نے گزشتہ ماہ دی انگما کو فروخت کیا تھا جو نیلامی میں آنے والا اب تک کا سب سے بڑا سیاہ ہیرا تھا، 555.55 قیراط کا یہ ہیرا 4کروڑ 30لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔