رواں برس جنوری میں شروع ہونے والے’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے گیارہوں گانے ’ٹھگیاں‘ کو ریلیز کردیا گیا۔
’ٹھگیاں‘ بھی پنجابی زبان کا گانا ہے، جسے قرة العین بلوچ اور زین زوہیب نے گایا ہے،اسے 13 مارچ کو پیش کیا گیا۔
’ٹھگیاں‘ سے قبل بھی ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے تحت پنجابی زبان کے متعدد گانے ریلیز کیے جا چکے ہیں۔
اس بار اب تک سیزن کے جاری کیے گئے 11 میں سے نصف سے زائد گانے پنجابی زبان میں ریلیز کیے جاچکےہیں، بعض گانوں میں پنجابی کے ساتھ اردو بھی مکس ہے۔
اس بار کوک اسٹوڈیو میں اب تک صرف ایک دوسری علاقائی زبان یعنی بلوچی میں ’کنا یاری‘ کو جنوری میں ریلیز کیا گیا تھا۔
عام طور پر ’کوک اسٹوڈیو‘ کے تحت دیگر علاقائی زبانوں جن میں سندھی، پشتو اور سرائیکی شامل ہیں، ان میں بھی گانے ریلیز کیے جاتے رہے ہیں۔
’ٹھگیاں‘ کی شاعری زین زوہیب نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی کو انہوں نے ذوالفقار علی جبار المعروف زلفی کے ساتھ ترتیب دیا ہے۔
گانے کے ذریعے قرة العین بلوچ نے بھی کوک اسٹوڈیو میں واپسی کی ہے،اس سے قبل ان کے متعدد گانے مقبول ہو چکے ہیں۔
’ٹھگیاں‘ سے قبل کوک اسٹوڈیو کے دسویں گانے ’بے پروا‘ کو مومنہ مستحن کی آواز میں 7 مارچ کو جاری کیا گیا تھا۔
’بے پروا‘ سے قبل گزشتہ ماہ 28 فروری کو ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے نویں گانے ’معزز صارف‘ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے میشا شفیع اور ان کے فارس شفیع نے گایا تھا۔
’معزز صارف‘ سے قبل 21 فروری کو کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا آٹھواں گانا ’پیچھے ہٹ‘ ریلیز کیا گیا تھا، جسے جسٹن بیبیز اور حسن رحیم نے گایا تھا۔
اس سے قبل کوک اسٹوڈیو کے ساتویں گانے ’یہ دنیا‘ کو 12 فروری کو جاری کیا گیا تھا، جسے یوزک بینڈ ’قراقرم‘ کے شیری خٹک نے طلحہٰ انجم اور فارس شفی کے ساتھ گایا تھا۔
اس سے پہلے علی سیٹھی اور شے گل کے گانے ’پسوڑی‘ کو سات فروری کو جاری کیا گیا تھا، ’پسوڑی‘ کوک اسٹوڈیو کا سب سے زیادہ تیزی سے 10 لاکھ بار دیکھا جانے والا گانا بھی بنا تھا۔
’پسوڑی‘ سے پہلے یکم فروری کو پنجابی زبان کا گانا ’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے ’دی سوچ بینڈ‘ اور ’بٹ برادرز‘ نے گایا تھا۔
اس سے قبل گریمی ایوارڈ نامزد یافتہ امریکی پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کی آواز میں ’محرم‘ کو 28 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔ عروج آفتاب کے گانے سے قبل 23 جنوری کو عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ’سجن ڈس نہ‘ بھی پنجابی زبان میں ریلیز کیا گیا تھا۔
’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا دوسرا گانا ’کنا یاری‘ گزشتہ ماہ 19 جنوری کو ایوا بی، کیفی خلیل اور عبدالوہاب بگٹی کی آواز میں جاری کیا گیا تھا۔
کوک اسٹوڈیو کا آغاز 14 جنوری سے عابدہ پروین اور نصیبو لال کے گانے ’تو جھوم‘ سے ہوا تھا، جسے شائقین نے خوب سراہا تھا۔